عمّان،5؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اردن میں ایک فوجی ذریعے نے جمعے کے روز تصدیق کی ہے کہ الجفر میں شہزادہ فیصل فضائی اڈے کے مرکزی پھاٹک پر فائرنگ کے نتیجے میں 3امریکی تربیت کار ہلاک ہو گئے جب کہ تیسرا امریکی تربیت کار اور ایک اردنی افسر زخمی ہو گئے۔ اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق امریکی تربیت کاروں کی گاڑی نے پھاٹک کے پہرے داروں کی ہدایت پر گاڑی نہ روکتے ہوئے فضائی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور واقعے کی تفصیلات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب اردن میں امریکی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ وہ جمعے کی صبح اردن کے جنوب میں الجفر میں پیش آںے والے حادثے کے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لے رہا ہے۔ ایک مختصر بیان میں سفارت خانے کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اردن کے حکام کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔سفارت خانے نے باور کرایا کہ وہ مزید معلومات موصول ہونے کی صورت میں اسے جاری کرے گا۔